اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک کی 75 ویں سالگرہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، پاکستان کے بچے پارلیمنٹ کو عالیشان عزم کے ساتھ چلا کر دنیا بھر میں ملک کا پرچم سربلند کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں ”عزم عالیشان” کے عنوان سے بچوں کے قومی پارلیمانی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج کی یہ تقریب یعنی بچوں کی پارلیمنٹ دراصل پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں منعقد ہونے والے قومی پارلیمانی کنونشن کی ایک اہم کڑی ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ میں اس عظیم تقریب میں شرکت کرنے والے تمام بچوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اس تقریب میں شرکت کرکے وطن عزیز کے عظیم بچوں کا عزم عالیشان بلند سے بلند تر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی یہ کہکشاں، سویٹ ہوم کے بچوں، سرکاری سکول کے بچوں، نجی سکول کے بچوں اور سٹریٹ چلڈرن سمیت تمام طبقات کی نمائندگی کر رہی ہے۔ ہم نے یہ مناسب سمجھا کہ بچوں کی پارلیمنٹ کو بچے خود چلائیں۔
تمام سرگرمیاں بچے خود ادا کریں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ عظیم بچے جو آج بچوں کی پارلیمنٹ کو چلا رہے ہیں یہ مستقبل میں قومی امنگوں کے مرکز یعنی قومی پارلیمنٹ کو عالیشان عزم کے ساتھ چلا کر دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم سربلند کریں گے، ان شاء اللہ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بچوں کو وسیع پیمانے پر اختیار دیا ہے کہ وہ اپنے مافی الضمیر کو کھلے دل سے بیان کریں۔ ان کی تقاریر اور ان کے سوالات ہمیں بچوں کے احساسات اور جذبات کو سمجھنے میں مدد دیں گے۔
پاکستان کی تاریخ کی یہ منفرد ڈائمنڈ جوبلی تقریبات دنیا بھر کی پارلیمانوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہوں گی۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یقیناً آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ پہلی آئین ساز اسمبلی کا اجلاس 10 اگست 1947 کو شروع ہو کر 14 اگست 1947 تک جاری رہا تھا۔ اسی اجلاس میں پہلے دن اقلیتی رکن آنجہانی جوگندر ناتھ منڈل کو عارضی چیئرمین چنا گیا تھا اور بعد میں 11 اگست 1947 کو قائداعظم محمد علی جناح کو قانون ساز اسمبلی کا پہلا صدر چنا گیا۔
اسی طرح مولوی تمیز الدین صاحب کو پہلا نائب صدر چنا گیا تھا۔ گویا پاکستان کے وجود میں آنے سے تین دن پہلے ہی آئین ساز اسمبلی نے کام شروع کر دیا تھا۔ لہٰذا مجھے کہنے دیجئے کہ پاکستان کی آزادی اور پارلیمنٹ کی آزادی لازم و ملزوم ہیں۔ جس طرح پارلیمنٹ کی آزادی کے بعد پاکستان کی آزادی ظہور پذیر ہوئی اسی طرح پارلیمنٹ کی آزادی اور بالادستی پاکستان کے اتحاد، سلامتی، بقا، خوشحالی اور آزادی کی مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری اسمبلی قائداعظم محمد علی جناح کے فرامین کی امین ہے اور ہم نے انہی کی امنگوں کے مطابق پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خدمات انجام دیتے رہنا ہے۔ ہمیں قومی شناخت، شہریوں کے بنیادی حقوق کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔ اسی طرح ہم نے اقلیتوں اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا آئین ساز اسمبلی میں پہلا خطاب انتہائی فکر انگیز اور پوری قوم کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہمارا یہ عزم ہے کہ ہم نے قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات کی روشنی میں اور آئین پاکستان کے عین مطابق تمام بنیادی حقوق بشمول بچوں، عورتوں اور اقلیتوں کے حقوق سمیت اسلامی نظریہ کی حفاظت کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو یہ جان کر بھی خوشی ہوگی کہ پاکستان کا موجودہ جھنڈا قومی اسمبلی نے ہی منظور کیا تھا۔ یہ جھنڈا قائد ملت نوابزادہ لیاقت علی خان نے پہلی بار قومی اسمبلی میں لہرایا تھا۔ انہی کے پیش کردہ جھنڈے کو اسمبلی نے منظور کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے عزیز بچے اور عظیم بچیاں بھی ہماری قوم کی امید اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔ لہٰذا آئین میں بچوں کے حقوق کا خاص طور پر تحفظ کیا ہے۔
بچوں کی بنیادی تعلیم کی ضمانت دی ہے اور اس کے علاوہ آئین کے آرٹیکل 11 بچوں کی جبری مشقت سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ہماری قومی پالیسی یہ ہے کہ بچیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دی جائے۔ میں صوبائی حکومتوں سے بھی امید رکھتا ہوں کہ وہ بچیوں کی صحت، تعلیم اور ملازمت کے سلسلے میں خصوصی توجہ دیں۔
بحیثیت سپیکر قومی اسمبلی میں بچوں کی اس پارلیمنٹ کو یقین دلاتا ہوں کے پارلیمنٹ اس سلسلے میں ہرممکن قانون سازی کرے گی اور پارلیمانی نگرانی کے ذریعے حکومتوں کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ بچوں اور بچیوں کی ترقی کے سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم نے قومی پارلیمانی کنونشن کے دوران گیارہ تاریخ کو اقلیتوں کے نام کیا تھا۔ آج صبح کی تقریب خواتین کیلئے تھی اور یہ موجودہ تقریب بچوں کیلئے رکھی گئی ہے۔ ہمارا عزم یہ ہے کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات کی صحیح معنوں میں تصویر بنا دیا جائے۔