لاہور۔22 ستمبر(اے پی پی )گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ تحر یک انصاف ملک کو کر پشن جیسے ناسورسے پاک کر نے کیلئے شفاف اور بلاتفر یق احتساب پر یقین رکھتی ہے، ہماری حکومت نے پہلے اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا او ر نہ ہی اب بنائے گی۔وہ لاہور سمیت مختلف اضلاع سے تحر یک انصاف کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے، گورنر نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے وہ احتجاجی دھر نوں اور لاک ڈاﺅن کی دھمکیاں دینے سے باز آجائے کیونکہ عوام نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کو 5سال حکومت کر نے کا مینڈ یٹ دیا ہے ، انشاءللہ ہم اپنی آئینی مدت پور ی کر یں گے اور عوامی امنگوں کے مطابق ہی تمام فیصلہ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غر بت ،مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کے خاتمے سمیت عوام کو صحت اور تعلیم سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پارٹی کیلئے قر بانیاں دینے والے کارکنوں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائیگا بلکہ وفاقی اور پنجاب حکومت کارکنوں کو انکا جائز مقام دیں گی۔