گوجرانوالہ ۔01 ستمبر (اے پی پی):حکومت پنجاب کے احکامات پر تحصیل آفس گوجرانوالہ میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد فیاض احمد موہل نے شہریوں کے ریونیو سروسز کے متعلق مسائل سنے، پہلے روز 152 شکایات موصول ہوئیں، 151 شکایات موقع پر حل کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کی زیر صدارت تحصیل دفتر گوجرانوالہ میں ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد ہوا جس میں سائلین نے بھرپور شرکت کی۔ عوامی خدمت کچہری میں سائلین نے اپنی شکایات بارے آگاہ کیا۔
سائلین کی جانب سے 96 شکایات موصول ہوئیں جنہیں حکومتی پالیسی اور احکامات کے مطابق موقع پر ہی حل کردیا گیا۔ اسی طرح ضلع گوجرانوالہ کی دیگر تحصیلوں میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر صدارت ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد ہوا۔ تحصیل صدر 8، کامونکی 21، نوشہرہ ورکاں 2 اور وزیرآباد میں 25 شکایات موصول ہوئیں ، 02 پچھلے ماہ کی درخواستیں بھی موقع پر حل کروادی گئیں۔
تحصیل دفتر میں منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو ڈاکٹر مجتبی عرفات بھروانہ، جنرل شبیر حسین بٹ) ،اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) وقاص سکندری، سب رجسٹرارز (سٹی، صدر) تحصیلداران، این ٹی او، سمیت ریونیو اور لینڈ ریکارڈ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے فرد اجراء، رجسٹریشن، انتقال، درستگی نام، ریکارڈ رپورٹ، ڈومیسائل، گرداوری، متفرق درخواستوں اور شاملاٹ دیہہ کی اراضی، نشاندہی، وراثت کے انتقال، کرپشن کی شکایات سمیت دیگر ریونیو سروسز کے متعلق عوامی شکایات پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداران، لینڈ ریکارڈ حکام کواحکامات جاری کیے۔
انہوں نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں موصول شکایات پر حکومتی ویژن کے مطابق فوری عملدرآمد کیا جائے تاکہ عوامی سروسز کی ڈیلیوری کو آسان اور شفاف بنا کر سائلین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو میں جلد اور فوری سروسز کی فراہمی سے عوام کے اعتماد کو بحال، سروسز کی فراہمی میں شفافیت لانا حکومت اور میری اولین ترجیحات میں سے ہے ۔انہوں نے ریونیو کے فیلڈ افسران اور لینڈ ریکارڈ کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو سروسز کی فراہمی میں غیر ضروری تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا، غفلت کے مرتکب عملہ اور افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی اپنی تحصیلوں میں ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے سائلین کی شکایات سنیں اور ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=385371