اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):تخلیق پاکستان سے لے کر اب تک مسلح افواج کے بہادر جوانوں کا مادر وطن کے دفاع کےلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ سپاہی وسیم عباس کی شہادت بھی ایسے ہی جرات مند جوانوں کی مثال پیش کرتی ہے، انہوں نے بے باک، نڈر اور وطن پر مر مٹنے کا عزم رکھنے والے جانباز مجاہد تھے جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا ۔ سپاہی وسیم عباس شہید 22 اگست 2023 کو بنوں میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے ، سپاہی وسیم عباس شہید نے سوگواران میں والدین، بیوہ اور بہن بھائی چھوڑے۔
سپاہی وسیم عباس شہید کے لواحقین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ وسیم عباس نے اپنے وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے شہادت نوش فرمائی ۔ سپاہی وسیم عباس شہید کے والد نے کہا کہ اسے بچپن سے ہی فوج میں بھرتی ہونے کا شوق تھا اور ہمیشہ سے بہت محنتی تھا، مجھے فخرہے میرے بیٹے نے ملک کی خاطر جان قربان کی۔
اسی طرح شہید سپاہی وسیم عباس کی بیوہ نے کہا کہ ان کی کمی تو پوری نہیں ہوسکتی لیکن اس کی شہادت نے ملک میں بیشمار بہن بیٹیوں کی عزتوں کو محفوظ کردیا، جس پر مجھے فخر ہے، میرے شوہر میرا بہت خیال رکھتے اور والدین کی بہت خدمت کرتے تھے۔ سپاہی وسیم عباس شہید کی بہن نے اپنے تاثرات میں کہا کہ مجھے اپنے بھائی کی بہت یاد آتی ہے لیکن مجھے فخر ہے کہ میں ایک شہید کی بہن ہوں ۔ سپاہی وسیم عباس شہید وطنِ عزیز کے دفاع کی خاطر جان کانذرانہ پیش کر کے آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بن گئے۔