تدریسی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے چینی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کا دوسرا بیج جلد چین واپس جائے گا

82

بیجنگ۔23اگست (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ تدریسی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے چینی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کا دوسرا بیج جلد چین واپس جائے گا۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی اور طلبہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کورونا وائرس کی وبا کے باعث واپس جانے والے پاکستانی طلبہ کے دوسرے فیز کی واپسی کے لیے کام کر رہے ہیں اور ان کی جلد چینی یونیورسٹیوں میں واپسی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور چینی حکام کے ساتھ مل کر پہلے فیز میں 250طلبہ کو چین واپس بھیجنے کے انتظامات کیے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کی یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم تقریباً 100پاکستانی طلبہ جو کورونا وائرس کی وبا کے باعث پاکستان میں رکے ہوئے تھے، کا پہلا بیچ 20 جون کو چین واپس پہنچ چکا ہے اور انہوں نے قرنطینہ کی لازمی مدت پوری کرنے کے بعد اپنے متعلقہ اداروں میں پہنچ کر تدریسی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔

چین میں پاکستانی سفارتخانہ پاکستانی طلبہ کی واپسی کے لیے چینی حکام سے طویل روابط جاری ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق چینی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم 6ہزار پاکستانی طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھنے کے خوہاں ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستانی طلبہ کے معاملے پر بات چیت کی جو چینی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ چینی وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ چین اس معاملے کو اولین ترجیح دے گا اور دونوں ممالک کے وزرااعظم نے چین میں پاکستانی طلبا کی مرحلہ وار واپسی پر اتفاق کیا۔