تربت میں پانچ روزہ قومی پولیو مہم کا افتتاح کردیاگیا

120
ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ، پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا
ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ، پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا

کوئٹہ۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):تربت ٹیچنگ ہسپتال میں اتوار کے روز پانچ روزہ قومی پولیو مہم کا افتتاح کردیاگیا۔ اس دوران پولیو مہم کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ ریونیو منور حسین مگسی نے ایک بچے کو پولیو سے بچاؤ کا قطرہ پلا کر کیا۔

اس موقع پر افتتاحی تقریب میں ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ مکران ڈاکٹر یونس بلوچ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر راشدہ ملک، میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر خالد بلوچ اور ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر نوروز یعقوب نے بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاکر کر مہم میں حصہ لیا۔

جبکہ تقریب میں محکمہ صحت, ضلعی انتظامیہ سمیت سماجی اداروں اور میڈیا کے نمائندے بھی شریک تھے.دریں اثناء ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ منور حسین مگسی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیو سے نجات کا واحد راستہ پولیو کے قطرے پلانے میں ہے اور ہم سب نے مل کر اپنے ملک کو پولیو سے پاک کرانا ہے تاکہ ہماری نسلیں عمر بھر کی معذوری سے بچا سکیں۔

قبل ازیں ڈبلیو ایچ او نمائندے ڈاکٹر نوروز یعقوب نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران 94019 بچوں کو پولیو سے بچاؤ اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 389 موبائل ٹیمیں، 11 ٹرانزٹ پوائنٹ اور 86فکس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم ضلع بھر میں 6 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی وہ اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں۔بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ نے ٹیچنگ ہسپتال تربت کے آکسیجن پلانٹ کا جائزہ لیا۔آخر میں ٹیچنگ ہسپتال تربت میں شجر کاری مہم کی مناسبت سے پودا بھی لگایا۔