تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند،سپل وے کھول دئیے گئے

160

ہری پور۔ 14 جولائی (اے پی پی):تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے سے تربیلا ڈیم کے سپل وے کو کھول دیا گیا ۔تربیلا ڈیم سے پانی اخراج میں اضافہ سے دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں مزید تیزی آگئی۔

تربیلا ڈیم کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد میں اضافہ سے تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1524.20 فٹ تک بلند ہو گئی ہے۔ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 26 فٹ تک رہ گئی ہے۔

ڈیم میں پانی کی آمد ایک لاکھ 87 ہزار 4 سو کیوسک جبکہ پانی اخراج ایک لاکھ 63 ہزار تین سو کیوسک کر دیا گیا ہے۔ڈیم سے اضافی پانی کا اخراج شروع ہو گیا ہے۔ تربیلا ڈیم کے سپل کھولنے سے دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں مزید تیزی آگئی ۔ جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ دریائے سندھ کے قریب نہ جائیں اور نہاتے سے گریز کیا جائے