تربیلہ کے ملازمین کے تمام مسائل مل کر حل کریں گے، سپیکر اسد قیصر

96
قومی اسمبلی کی کارروائی سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق من و عن چلائی جائے گی ،سپیکر اسدقیصر

اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تربیلہ کے ملازمین کے تمام مسائل مل کر حل کرینگے۔ تربیلہ ملازمین کے بچوں کیلئے کمیونٹی سنٹر( حجرہ )۔ جم کی منظوری دی ہے جس پر کام اس ہفتے شروع ہو جائے گا۔تربیلہ ملازمین کے بچوں کے لیے کرکٹ اکیڈمی، والی بال کورٹ، بیڈمینٹن کورٹ کی بھی منظوری دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز رائٹ بینک کالونی تربیلہ ڈیم آمد کے موقع پر سیڑھی گروپ تربیلہ یونین کے چیئرمین آفسر خان اور ان کے نو منتخب عہدیداروں کو بھاری اکثریت سے یونین کا الیکشن جیتنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سپیکر اسد قیصر نے کہا پاکستان بہت جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پہلی مرتبہ کسانوں کی فلاح وبہبود اور شعبہ زراعت کی ترقی کے لئے اصلاحات لے کر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوابی میں پہلی مرتبہ یونیورسٹیاں، میڈیکل کالج، کالجز، سکول، اے کیٹگری ہسپتال سمیت سپورٹس کمپلیکس اور گراونڈز قائم ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر سیڑھی گروپ یونین کے چیئرمین آفسر خان نے اپنی گروپ کی طرف اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور تربیلہ ڈیم کالونی کے مسائل کے حل کے لیے ان کے بھر پور تعاون کا خیر مقدم کیا۔