اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن پر کشیدگی پیدا کر کے مقبوضہ کشمیر میںکشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ بدھ کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام ”چوتھا ستون“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا یہ بات جانتی ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس کی سب سے اہم اور بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے ۔ جب تک یہ تنازعہ حل نہیں ہوتا خطے میں امن بحال نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ سمیت ہر اہم عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے جس کی وجہ سے اب دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اجاگر ہو چکا اور زیر بحث بھی ہے۔ابھی حال ہی میں ایک آسٹریلوی سینیٹر نے دوسری مرتبہ اس مسئلے کو آسٹریلوی پارلیمنٹ میں اٹھایا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم پر بھرپور طریقے سے بات کی ہے، اسی طرح برطانیہ سمیت یورپی یونین اور دیگر اہم فورمز پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کافی ایونٹس ہو رہے ہیں جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ عالمی سطح پر بھارت کے اوپر دباﺅ بڑھایا جا رہا ہے۔