ترجمان دفتر خارجہ نےنام نہاد دہشتگرد موڈیول کو بے نقاب کرنے سے متعلق بھارتی میڈیا کے بے بنیاد دعوئوں کو سختی سے مسترد کردیا

59
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی حصول"سے متعلق پاکستان کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ مبینہ روابط رکھنے والے نام نہاد دہشتگرد موڈیول کو بے نقاب کرنے سے متعلق بھارتی میڈیا کے بے بنیاد دعوئوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے بنیاد الزامات لگانا اور سفید جھوٹ پھیلانا بھارت کی پاکستان کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے جسے پہلے ہی یورپی یونین ڈس انفو لیب اور دیگر نے مکمل طور پر بے نقاب کردیا ہے۔

بدھ کو پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے پر ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ ہم بھارتی میڈیا کے اس دعویٰ کہ بھارتی حکام نے پاکستان کے ساتھ مبینہ روابط رکھنے والے نام نہاد دہشت گردی ماڈیول کا پردہ فاش کیا ہے، سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ بے بنیاد الزامات لگانااور سفید جھوٹ پھیلانا پاکستان کیخلاف بھارت کی جاری مہم کا حصہ ہے جسے پہلے ہی یورپی یونین کے ڈس انفولیب اور دیگر نے مکمل طور پر بے نقاب کر دیا ہے۔

جھوٹی خبروں کی تشہیر بھارت کی ریاستی پالیسی ہے جو میڈیا کے بل بوتے پر چلتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس معاملے کی حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے حالیہ ڈوزیئر کے ردعمل میں جس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں،

بھارت اس سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، اسی لئے بھارتی حکام اور میڈیا کی جانب سے مسلسل بھارت کے جھوٹے فلیگ آپریشن، جعلی مقابلوں اور بازیابی کی کا رروائیوں کی حقیقت پوری طرح آشکار ہو گئی ہے۔