ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا ہیرٹیج ڈپلومیسی سے متعلق سیمینار سے خطاب

91

اسلام آباد ۔ 19 مارچ (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سیاحت بالخصوص مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ منگل کو یہاں تھنک ٹینک ریجنل رپورٹ کے زیر اہتمام مذہبی امن کے لئے ہیرٹیج ڈپلومیسی سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان میں کئی مذاہب کے بہت مقدس مقامات ہیں جن میں غیر ملکی سیاحت کو راغب کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذہبی سیاحت کا خیر مقدم کیا ہے اور غیر ملکی سیاحوں کو سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاحت خصوصاً ملک میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے، سیاحت کے شعبہ میں ترقی کی گنجائش موجود ہونے کے پیش نظر حکومت نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں ویزہ کے نظام میں آسانیاں اور سیاحتی انفراسٹرکچر کی ترقی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری کو کھولنا، اہم سنگ میل ہے جس کی جنوبی ایشیاء کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا جس سے زائرین اس مقدس مقام کے لئے آ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بقائے باہمی کے اصولوں کو عمل پیرا ہونا اور متنوع پن کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حکومتوں نیہیرٹیج ڈپلویسی اور ثقافتی ڈپلومیسی کو فروغ دینے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، 2018ء میں وزارت اطلاعات و نشریات نے ملک کی پہلی فلم اور کلچر پالیسی کا اعلان کیا، اس پالیسی کے تحت کلچر انفراسٹرکچر کی ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس موقع پر پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ نے ملک میں ثقافتی ورثہ کی اہمیت پر پریزینٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی ورثہ شعور اجاگر کرنے اور امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس موقع پر سنٹر فار کلچر اینڈ ڈویلپمنٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم عمر ثقافتی ورثہ سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔