ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی ہفتہ وار نیوز بریفنگ

183

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) دفتر خارجہ نے عالمی بینک پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی سے متعلق تنازعات ختم کرنے کیلئے ثالثی عدالت کے قیام سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی افسوسناک ہے، آسیہ بی بی آزاد شہری ہیں اور اپنی مرضی سے ملک چھوڑ کر بیرون ملک جا چکی ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اس لعنت سے چھٹکارا پانے کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران پاکستان کا پانی روکنے سے متعلق بھارتی دھمکیوں کے حوالہ سے عالمی بینک پر زور دیا کہ وہ بھارتی دھکمیوں کے بعد دونوں ملکوں کے مابین پانی کے تنازعات حل کرنے کیلئے سندھ طاس معاہدے کے تحت ثالثی عدالت قائم کریں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی ہچکچاہٹ کے باوجود پاکستان نے معاہدے کے تسلسل کی حمایت کی ہے۔ بھارتی وزیر برائے آبی وسائل و شپنگ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے حصہ کا پانی روک دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی معاہدے کا پابند نہیں اور پانی کا رخ پنجاب، ہریانہ اور راجستھان کی طرف موڑنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں ملکوں نے سندھ طاس معاہدے پر اتفاق کیا تھا تاہم بھارت نے کشن گنگا اور ریتلے ہائیڈرو پاور منصوبے تعمیر کرکے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ افغان مفاہمتی عمل سے متعلق ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغان عوام اور حکومت کی قیادت میں پرامن مذاکرات اور افغان تنازعہ کے سیاسی حل کا حامی ہے۔ رواںماہ کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر پاک بھارت وزراء خارجہ کے مابین ملاقات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ غیر رسمی ہینڈ شیک ممکن ہو سکتا ہے تاہم باضابطہ ملاقات کا کوئی شیڈول نہیں۔ ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آسیہ بی بی آزاد شہری ہیں اور اپنی مرضی سے ملک چھوڑ کر بیرون ملک جا چکی ہیں۔