ترجمان دفتر خارجہ کا بھارتی تنقید پر سخت رد عمل

143

اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں وزیر اعظم نوازشریف کے خطاب پر بھارتی تنقید پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور انہیں بھارتی تسلط سے آذادی دلانے کیلئے انکی جدوجہد میں مکمل سفارتی اور سیاسی حمایت فراہم کرتے رہیں گے۔جمعہ کو ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق بھارتی حکومت نے وزیر اعظم نواز شریف کے اس بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جوجموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے احساسات اور امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ ستر سال سے بھارتی جارحیت،گولیوں،مظالم اور غیر قانونی تسلط کا سامنا کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔کشمیری نواجوان برہان وانی کے افسوسناک قتل سے کشمیر بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا جو کشمیری عوام کی جانب سے بھارتی تسلط کو مسترد کرنے کا واضح ثبوت ہیں،لیکن پر امن احتجاجی مظاہرین کو بے رحمی سے گولیوں اور پیلیٹ گن فائر کا نشانہ بنایا گیا جسکے نتیجے میں 80سے زائد کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں جبکہ پیلٹ گن سے درجنوں افراد بصارت سے محروم ہو گئے۔ عالمی برادری نے سلامتی کونسل کے کئی قراردادوں کے ذریعے کشمیری عوام کیساتھ حق خودارادیت دینے کے وعدے کئے ہیں لیکن سات دہائیوں کے بعد بھی وعدے وفا نہ ہوسکے۔