بھارت کی ہمسایہ ملکوں میں ریاستی دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت خطہ کے امن کیلئے خطرہ ہے، پاکستان خود بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے، مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے، بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث پاک بھارت تعلقات مشکل دور سے گزر رہے ہیں، نئی دہلی کے ساتھ بامعنی مذاکرات چاہتے ہیں، افغانستان میں حکومتی عملداری نہ ہونے سے داعش مضبوط ہو رہی ہے، ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ
اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ہمسایہ ملکوں میں ریاستی دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت خطہ کے امن کیلئے خطرہ ہے، پاکستان خود بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے، مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے، بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث پاک بھارت تعلقات مشکل دور سے گزر رہے ہیں، نئی دہلی کے ساتھ بامعنی مذاکرات چاہتے ہیں، افغانستان میں حکومتی عملداری نہ ہونے سے داعش مضبوط ہو رہی ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بے بنیاد الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ بھارت پاکستان اور ہمسایہ ملکوں میں دہشت گردی کرانے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے جرائم پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان خود بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الزام تراشیاں کسی مسئلہ کا حل نہیں، پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر بھارت کے ساتھ بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہے۔