ترجمان وزارت خزانہ کی پاکستان کا بجٹ خسارہ 826 ارب روپے تک بڑھنے سے متعلق ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کی وضاحت

123

اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی)وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی جی ڈی پی کے تناسب سے قرضہ کی شرح کئی ترقی پذیر ممالک کی نسبت کم ہے، پچھلے چار سال کے دوران جی ڈی پی کے تناسب سے حکومتی قرضہ میں 1.4 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ہے، امریکہ، برطانیہ اور جاپان جیسے ترقی یافتہ ممالک میں جی ڈی پی کے تناسب سے قرضہ کی شرح 80 سے 100 فیصد سے بھی زائد ہے۔ پاکستان کا بجٹ خسارہ 826 ارب روپے تک بڑھنے سے متعلق ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کی وضاحت کرتے ہوئے وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا کہ مالی خسارہ کے اعداد و شمار ماہانہ بنیاد پر مرتب نہیں ہوتے اور نہ ہی ان کی رپورٹس اس کی ویب سائٹ پر موجود ہوتی ہیں۔ اعداد و شمار، اقتصادی امور ڈویژن، سٹیٹ بینک اور صوبائی حکومتوں سے تقریباً 2 ماہ کے بعد مطلوبہ اعداد و شمار کے حصول کے بعد سہ ماہی بنیاد پر مرتب کئے جاتے ہیں۔ ماہانہ کی بنیاد پر اعداد و شمار سہ ماہی مالیاتی آپریشن کے اعداد و شمار کو جمع کرتے وقت شامل کئے جاتے ہیں اور تب انہیں عوام کیلئے پیش کیا جاتا ہے اور وزارت خزانہ کی ویب سائٹ پر بھی جاری کیا جاتا ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے اعداد و شمار دستیاب ہیں۔