ترجمان وزارت داخلہ کی ضلع خیبر کے علاقے میں25جولائی کو ہونے والے خودکش حملہ کی مذمت

76
Ministry of Interior
Ministry of Interior

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ 25 جولائی 2023 کو ضلع خیبر کے علاقے میں واقع علی مسجد میں بزدلانہ خودکش حملہ ہوا،خودکش حملے میں خیبر پختونخوا پولیس کے ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید ہوئے، یہ انتہائی قابل مذمت واقعہ ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اس سے قبل 30 جنوری 2023 کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں 86 افراد شہید ہو گئے تھے، اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے، ایسے واقعات جو بے گناہ لوگوں کی شہادت اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کا باعث بنیں، وہ صرف مذموم مفادات کے لئے ہو سکتے ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

پاکستان کی عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں جو عزم اور حوصلے کے ساتھ دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستانی عوام اور سکیورٹی فورسز مل کر خوارج کی اس لعنت کو ختم کر دیں گے،ہم اس گھنائونے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانیں قربان کیں۔