مکہ المکرمہ ۔31مئی (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے ہفتہ کو حج انتظامات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر بٹ نے کیٹرنگ کمپنی’’بہارات ایشیا‘‘ کے خلاف پراپیگنڈا مہم کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ سعودی وزارت تجارت کی سرکاری دستاویزات کے مطابق کمپنی کی مالک ایک سعودی خاتون فاطمہ محمد عطیان الکعبی ہیں جبکہ کمپنی کے قانونی نمائندہ اور مینجر عادل بن سہیم بن علی الکعبی سعودی عرب کے شہری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عربی زبان میں لفظ ’’بہارات ایشیا ‘‘کا واضح مطلب ’’ایشیا کا مصالحہ‘‘ ہے اور کمپنی کے نام کے حوالہ سے قائم مفروضے مکمل طور پر قیاس آرائی پر مبنی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 12 سالوں سے سعودی عرب میں حجاج کے 40 روزہ قیام کے دوران 88,000 سے زائد عازمین کو پاکستانی ذائقے کے مطابق دن میں تین وقت کا کھانا فراہم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً 99.4 فیصد عازمین حج نے کھانے کے ذائقے اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ترجمان نے عوام پر زور دیا کہ وہ بے بنیاد افواہیں پھیلانے سے گریز کریں تاکہ پاکستان حج مشن غلط معلومات کا جواب دینے کے بجائے اپنے وسائل حجاج کی سہولت پر مرکوز کر سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603767