ترجمان وزیراعظم آفس کی طرف سے روزنامہ ”ڈان “کی خبر کی تردید

247
نوشہرہ ، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کے ماہر امراض قلب نے سٹینوز والو کی شکایت کے ساتھ کامیاب کارڈیو آپریشن کردیا

اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم آفس کے ترجمان نے سلامتی امور کے بارے اجلاس میں مبینہ غوروخوض کے حوالے سے روزنامہ ”ڈان “کی 6 اکتوبر کو شائع ہونے والی خبر کی پرزور تردید کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے ترجمان نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں خبر کے مندرجات کو نہ صرف قیاس آرائی بلکہ گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ خبر تخیل اور اختراع کا مجموعہ ہے، درحقیقت خود رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خبر میں مذکورہ افراد کی طرف سے کسی منسوب شدہ بیانات کی تصدیق نہیں کی گئی جو غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی واضح مثال ہے۔ اخبارکی طرف سے پیداکردہ تاثر کو رد کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ خفیہ ادارے بالخصوص آئی ایس آئی دہشتگردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی دونوں سطحوں پر قوم کے بہترین مفاد میں ریاستی پالیسی کے مطابق کام کر رہے ہیں۔دراصل نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے فوج اور آئی ایس آئی کا کردار اور خدمات پیش عملی پر مبنی اور غیرمتزلزل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ بہترین عالمی معیارات کے برابر اطلاعات کے حق کا مطالبہ کرنے والے اسی انداز میں عمل کریں جو بین الاقوامی رپورٹنگ کے معیارات سے ہم آہنگ ہو۔