اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):ترجمان وزیر اعظم ومعاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سپورٹس کمپلیکس منصوبہ اختیارات کا ناجائز استعمال اور اقرباء پروری کی بدترین مثال ہے،نیب ممبران کے تقرر کیلئے اپوزیشں نام دینے سے قاصر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو احسن اقبال کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس منصوبہ اختیارات کا ناجائز استعمال اور اقرباء پروری کی بدترین مثال ہے، نارووال سپورٹس کمپلیکس آپ کی کرپشن اور ہوس کا شکار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے سوال کو انتقام سے جوڑنا آپ کی منافقت ہے، نیب چئیرمین لگانے والے احتساب سے متنفر کیوں ہیں؟ ، نیب ممبران کے تقرر کیلئے اپوزیشں نام دینے سے قاصر ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ہمیشہ دھاندلی سے برسرِاقتدار آنے والی جماعت الیکشن اصلاحات سے خائف ہے، بونگیاں مارنے اور جھوٹے پروپیگنڈے کی بجائے اصلاحات کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہلوں کے منصوبے ملکی ترقی کیلئے نہیں اپنی جیبیں بھرنے کیلئے تھے، نااہل درباری عدالتوں کے باہر شیر جبکہ عدالتوں میں ڈھیر ہوتے ہیں، اگر کرپشن نہیں کی تو جنابِ ارسطو کو ڈر کس بات کا ہے؟ ۔