ترسیلات زر میں بڑا اضافہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی کامیابی ہے ، بلال اظہر کیانی

106

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور پارلیمانی ٹاسک فورس کے چیئرمین بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ترسیلات زر میں بڑا اضافہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی کامیابی کی ایک اور گواہی ہے جبکہ بیرون ملک پاکستانیوں نے پاکستانی معیشت کی بہتری میں اپنا بڑا حصہ ڈالا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بیرون ملک پاکستانیوں نے دسمبر 2024 کے مہینے میں 3.1 ارب ڈالر بھجوا کر پی ٹی آئی کی ترسیلات زر نہ بھجوانے کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔

جمعہ کو سوشل میڈیا اکائونٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں جہلم سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے کہاکہ دسمبر 2024 میں بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے بھجوائی جانے والی رقوم دسمبر 2023 کے مقابلے میں 29.3 فیصد اور نومبر 2024 کے مقابلے میں 5.6 فیصد زائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں ترسیلات زر میں 32.8 فیصد اضافہ ہوا ہے، جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران یہ رقوم 17.8 ارب ڈالر تھیں جبکہ جولائی تا دسمبر 2023 میں 13.4 ارب ڈالر تھیں۔