ملتان۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):ترشاوہ پھلوں کی صحیح افزائش نسل کیلئے پیوندکاری ضروری ہے جس سے صحیح النسل پودے تیار کیے جا سکتے ہیں۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق صوبہ پنجاب میں ترشاوہ پھلوں کی کاشت 4 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر ہے اور اس سے قریباً21 لاکھ ٹن پیداوار حاصل ہوتی ہے۔
پاکستان میں پیدا ہونے والے ترشاوہ پھلوں کی ڈیمانڈ پوری دنیا میں ہے۔سٹرس کی95 فیصد پیداوار صوبہ پنجاب سے حاصل ہوتی ہے۔پاکستان ہر سال ترشاوہ پھلوں کی برآمد سے قریباً180 ملین ڈالر سالانہ زرِمبادلہ کماتا ہے۔ترشاوہ پھلوں کی صحیح افزائش نسل کیلئے عمل پیوندکاری بہت ضروری ہے کیونکہ اس طریقہ کو بروئے کار لا کر صحیح النسل پودے تیار کیے جا سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں پودے جلد بارآوری کی طرف مائل ہو جاتے ہیں جبکہ اگر بیج سے پودے اگائے جائیں تو وہ صحیح النسل نہیں رہتے، دیر سے بار آور ہوتے ہیں جبکہ مناسب پیوند کاری سے پودوں کی صحیح نسل برقرار رکھی جا سکتی ہے اور ان کی بارآوری میں بھی زیادہ وقت نہیں لگتا۔ باغبان بہتر پیوندکاری اور بعداز پیوندکاری حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے لئے زرعی ماہرین کی سفارشات پر عمل کریں۔ پیوندکاری صرف ان پودوں سے لی جائے جو کہ صحت مند اور اچھی پیداوار کے حامل ہوں اور جن پر پھل اچھے سائز اور بہتر خاصیت کا حامل ہو۔ عمل پیوندکاری میں کچے گلوں کا استعمال ہرگز نہ کیا جائے۔ پیوندی لکڑی گول ہو اور اس پر سفید دھاریاں ہونا ضروری ہیں جبکہ اس کی موٹائی پنسل جتنی ہونی چاہیے۔
پیوندکاری کے لئے کچی لکڑی استعمال نہ کریں بلکہ ایسی شاخوں سے چشمے حاصل کیے جائیں جن کی عمر کم از کم 9 ماہ تک ضرور ہو۔ تکونی اور کانٹے دار شاخیں پیوندی لکڑی کے طور پر استعمال نہ کی جائیں۔پیوند کرنے سے دو ہفتے قبل روٹ سٹاک کو یوریا کھاد ڈال کر پانی لگا دینا چاہیے تاکہ روٹ سٹاک میں پھل اچھی طرح چل پڑے اور اس کی موٹائی پنسل کے برابر ہو جائے بعد ازاں سطح زمین سے ایک فٹ اونچائی تک چشمہ لگا کر پیوندکاری کر دی جائے اور پیوندی حصہ کے ارد گرد پلاسٹک ٹیپ اس طرح لپیٹ دیا جائے کہ اس میں ہوا کا گزر نہ ہو سکے جبکہ چشمہ کے اوپر کوئی چیز نہ لپیٹی جائے۔
جب کھٹی کے پودوں میں رس چلنا شروع ہو جائے اور چھلکا باآسانی اتر جائے تو پیوندکاری آسانی سے ہو سکتی ہے۔ جب پیوندی شاخ کی نشوونما اچھی طرح سے ہو جائے تو پھر روٹ سٹاک کو پیوندی جوڑ سے تقریباً 7 سینٹی میٹر اوپر سے کاٹ دینا چاہیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=399596