ترقیاتی منصوبوں میں غیرمعیاری میٹریل کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائیگی،صوبائی وزیر صحت

33

کوئٹہ۔ 07 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہاہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیرمعیاری میٹریل کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی کی قیادت میں معیاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اولین ترجیح ہے ،عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں میں غفلت ، کرپشن اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کرینگے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ کے کلی عمر میں بلیک ٹاپ روڈ کے تعمیراتی کام کے جائزہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

بخت محمد کاکڑ نے تعمیراتی امور کا معائنہ کیا اور غیر معیاری کام اور ناقص میٹریل کے استعمال پر ناراضگی اور سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کام کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔صوبائی وزیر بخت محمدکاکڑ نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں میں غفلت ، کرپشن اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کرینگے ۔