ترقیاتی منصوبوں میں معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے ، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب

61

سانگلہ ہل۔ 21 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مانوالہ روڈ ، ننکانہ تا بچیکی روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ایکسین ہائی وے اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے ترقیاتی منصوبوں بارے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل مقررہ مدت میں یقینی بنائی جائے ، متعلقہ افسران روزانہ کی بنیاد پر جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ کرکے جائزہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے ، ناقص میٹریل کی نشاندھی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نئی تعمیر کی جانے والی سڑکات معیار کے مطابق ہونی چاہیں ، ضلع کی تمام شاہرات کے دونوں اطراف میں درخت لگائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ درخت لگانے سے خوبصورتی میں اضافے سمیت ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہو گا۔