کوئٹہ۔ 05 مارچ (اے پی پی):صوبہ بھر میں ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی میں غفلت پر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ کی برہمی۔ صوبائی وزیرمواصلات و تعمیرات نے ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی میں غفلت برتنے پر چیف انجینئرز اور سپرنٹنڈنگ انجینئرز پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
محکمے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات کے دفتر نے 18 فروری 2025 کو ایک خط کے ذریعے تمام متعلقہ انجینئرز آفیسران کو ترقیاتی منصوبوں کی موثر نگرانی اور رپورٹنگ کی سخت ہدایات دی تھیں۔
تاہم، متعدد اجلاسوں اور بارہا یاد دہانیوں کے باوجود مقررہ رپورٹس پیش نہیں کی گئیں، جس پر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے انجینئر آفیسران کی جانب سے دی گئی ہدایات کی سختی سے تعمیل ضروری ہے۔
صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے تمام چیف انجینئرز اور سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو فوری طور پر اپنی متعلقہ اسکیموں کا دورہ کرنے اور ہفتہ وار بنیادوں پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر آئندہ بھی اس حوالے سے کوتاہی برتی گئی تو بی ای ڈی اے 2011 کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569113