32.7 C
Islamabad
منگل, اپریل 29, 2025
ہومقومی خبریںترقی اور خوشحالی کیلئے لڑکیوں کی تعلیم ازحد ضروری ہے، سینیٹر روبینہ...

ترقی اور خوشحالی کیلئے لڑکیوں کی تعلیم ازحد ضروری ہے، سینیٹر روبینہ خالد کا ڈھیرمونڈ تلہ گنگ میں خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو "روٹی، کپڑا اور مکان” کا نعرہ دیا تھا جبکہ ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اس نعرے کو "علم، صحت، سب کو کام” سے مکمل کیا۔ ڈھیرمونڈ تلہ گنگ میں خواتین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ بنی کریمﷺ نے بھی فرمایا تھا کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے، چاہے اس کے لئے چین ہی کیوں نہ جانا پڑے۔ اگر ماں پڑھی لکھی ہو گی تو خاندان اور معاشرہ ترقی کرےگا، لہذا ترقی اور خوشحالی کیلئے لڑکیوں کی تعلیم ازحد ضروری ہے۔ بی بی شہید نے دبئی میں جلاوطنی کے دوران پاکستان کی عورتوں کی سماجی اور معاشی تحفظ اور خودمختاری کیلئے پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دستاویز تیار کروایا ۔۔

ان کی شہادت کے بعد صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ان کے خواب کو عملی جامہ پہنایا۔ اس پروگرام کی سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ اس کی رو سے خاتونِ خانہ کو گھر کی سربراہ قرار دیا گیا ہے اور پروگرام میں شمولیت کیلئے قومی شناختی کارڈ کی شرط رکھی گئی، اس طرح سے پاکستان کی لاکھوں غریب خواتین کو نہ صرف قومی شناخت کے دائرہ کار میں جگہ ملی بلکہ اس سے خواتین کی ووٹر لسٹوں میں اندراج میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا اور بڑی تعداد میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کا حق مل گیا ۔

- Advertisement -

چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے تحت چلنے والے متعدد منصوبوں جیسا کہ بینظیر کفالت، بینظیر نشوونما، بینظیر تعلیمی وظائف اور بینظیر ہنرمند پروگرام کے حوالے سے خواتین کو آگاہ کیا اور انھیں بتایا کہ کفالت پروگرام کی قسط کے زریعے نہ صرف ایک کروڑ مستحق گھرانوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کی جارہی بلکہ بینظیر ہنرمند پروگرام جیسے منصوبوں کے ذریعے انھیں معاشی سرگرمیوں کا اہل بنا کے ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ چکوال اور تلہ گنگ کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی مستحق خواتین کے اندراج کیلئے بی آئی ایس پی کی موبائل ٹیمز تعینات کی جائینگی اور مزید علاقوں میں ڈائنامک رجسٹری سنٹرز قائم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنمائوں ملک حسن سردار، سلمیٰ برکات، زینب ملک، اشبر جدون اور سردار اظہر عباس نے بھی اجتماع سے خطاب کیا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی افادیت پر روشنی ڈالی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589630

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں