ترقی پذیر ممالک کی ترقی کی راہ میں بے پناہ آبادی ایک بہت بڑی رکاوٹ ہے ، سردار اعجاز احمد خان جعفر

141
ترقی پذیر ممالک کی ترقی کی راہ میں بے پناہ آبادی ایک بہت بڑی رکاوٹ ہے ، سردار اعجاز احمد خان جعفر

کوئٹہ۔ 01 نومبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر پی ایچ ای و بہبود آبادی سردار اعجاز احمد خان جعفر نے محکمہ منصوبہ بندی 2030 کے حوالے سے منعقدہ انٹرنیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کی ترقی کی راہ میں بے پناہ آبادی ایک بہت بڑی رکاوٹ ہے۔

واضح رہے کہ نگراں صوبائی وزیر بہبود ابادی سردار اعجاز احمد خان جعفر نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں منعقدہ اس اہم ورکشاپ میں حکومت بلوچستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اس ورکشاپ میں پوری دنیا سے بہبود آبادی سے متعلق ماہرین شریک ہیں ۔ نگران صوبائی وزیر نے موثر منصوبہ بندی کے حوالے سے محکمہ بہبود آبادی کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محکمہ لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے اس ضمن میں محکمہ صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس تواتر کے ساتھ منعقد کیا جاتا ہے علاوہ ازیں حکومت بلوچستان نے مالی سال 24 -2023 کے بجٹ میں منصوبہ بندی کے ضروری آلات کی خریداری کے لیے فنڈز میں اضافہ بھی کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ نے پروٹیکشن اینڈ پروموشن بلوچستان ہیلتھ کیئر رائٹس بل 2023 کا ڈرافٹ کامیابی سے تیار کر لیا ہے اور جلد ہی اسے صوبائی کابینہ سے منظور کر کے نافذ کیا جائے گا، خاندانی منصوبہ بندی کے تناظر میں بہتر صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے موثر رابطہ کا پروگرام شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت بلوچستان کا تکنیکی بنیادی تعلیم اور منصوبہ بندی کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اور اسے روشناس کرانے کے لیے سکول اور کالج کی سطح پر نصاب میں شامل کرنے کا بھی منصوبہ ہے جبکہ پوسٹ پارٹم خاندانی منصوبہ بندی اور پوسٹ پارٹم ابارشن کے حوالے سے پالیسی منظور کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ بہبود آبادی نے نوجوانوں کو خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے بھی موثر تربیت فراہم کرنے کا بھی آغاز کیا ہے۔