ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لئے خواتین کو قومی دھارے میں لانا ناگزیر ہے، سردار ایاز صادق

166
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ٹانک میں چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لئے خواتین کو قومی دھارے میں لانا ناگزیر ہے،خاتون وزیر اعلیٰ کا انتخاب ملک میں خواتین کا سیاسی عمل اور ملک کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار کی عکاسی ہے۔ یہ بات انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو ہر سال 8 مارچ کو منایا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لئے خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی کے لئے ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا ضروری ہیں،معاشرے کی ترقی و خوشحالی کے لئے خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے دنیا بھر میں خواتین کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کے خاتمے، جبر و تشد کی روک تھام اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کوششیں کرنے اور ضروری قانون سازی کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہمارا مذہب خواتین کو مساوی حقوق اور عزت و احترام دیتا ہے اور صنفی امتیاز کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے بارے میں منفی سوچ اور رویوں کو بدلنے اور انہیں قومی دھارے میں لانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے اقتصادی شعبوں میں آگے لانے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے خواتین کو ان کا جائز مقام دلانے، بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان میں خواتین کی بھرپور نمائندگی موجود ہے اور وہ قانون سازی، ایوان کی کارروائی اور قائمہ کمیٹیوں میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں مریم نواز کا بطور وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونا ملک میں خواتین کی سیاسی عمل میں بھرپور شمولیت اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے ان کے فعال کردار کا مظہر ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کے اہم سنگ میل عبور کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ محترمہ بےنظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت خواتین کی ترقی اور ان کی خوشحالی کے لئے مزید بہتر اقدامات کرے گی۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ پاکستان کی نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور ان کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ موجودہ پارلیمان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان کا آئین خواتین کو جانی و مالی تحفظ، کام، کاروبار، تعلیم، آزادی کے ساتھ پیشے کے انتخاب، سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بےنظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہوئیں تھیں جنہوں نے اپنے والد قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد پارٹی کو از سرِ نو منظم کیا اور اپنی شہادت تک ملک میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لئے بھرپور جدو جہد کی۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کا بطور وزیر اعظم اور محترمہ مریم نواز شریف کا بطور وزیر اعلیٰ پنجاب پاکستانی معاشرے کی اعتدال پسندی، روشن خیالی اور ترقی پسند معاشرے کی عکاسی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب حکومت خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے مزید اقدامات کرے گی۔