ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کو اقتصادی دھارے میں شامل کرنا اور ان کے حقو ق کا تحفظ ضروری ہے، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

47

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کو اقتصادی دھارے میں شامل کرنا اور ان کے حقو ق کا تحفظ ضروری ہے ۔خواتین کو ہر شعبہ ہائے زندگی میں یکساں مواقع فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خواتین کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے سپیکر کا کہنا تھا کہ خواتین کو اقتصادی شعبوں میں آگے لانے اور ان کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے اور موجودہ حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرُ عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک اور ان کو جبر و تشد کا نشانہ بنانے کے معاملات پر عالمی برادری کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے اور قانون سازی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اسپیکر کا کہنا تھا کہ اسلام خواتین کو مساوی حقو ق اور احترام دیتا ہے اور صنفی امتیاز کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے بارے میں منفی سوچ اور رویوں کو بدلنے اور باہمی شراکت داری کے ذریعے خواتین کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی شعبوں میں خواتین کو آگے لانے اور ان کی حوصلہ افزائی کے ذریعے انہیں معاشی طور پر بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کو ایک ایسا ملک بنانے کے لئے پر عزم ہے جہاں خواتین کو عزت اور خود اعتمادی کے ساتھ زندگی کے ہر شعبے میں حصہ لینے کے مواقع میسر ہونگے۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان کی آدھے سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور انہیں اقتصادی دھارے میں شامل کیے بغیر ملکی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین خواتین کو جانی ومالی تحفظ ، کام ، کاروبار، تعلیم ، آزادی کے ساتھ پیشے کے انتخاب اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ضمانت دیتا ہے اور موجودہ حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے اہم و ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ملک کی تعمیر وترقی میں خواتین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خواتین کو تعلیم حاصل کرنے کے وافر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔