لاہور۔23جنوری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ا قتصادی ترقی کو بہتر بنانے کیلئے انسانی وسائل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا لازم ہے، نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرکے صنعتی پیداوار کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں سینٹر آف پاکستان اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنزکی صدر آمنہ منور اعوان کے ساتھ میٹنگ کے دوران گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدرو ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر نے پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے انسانی وسائل کی ترقی میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں اور علم سے آراستہ کرکے صنعتی پیداوار،جدت اور اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے،اقتصادی ترقی کو بہتر بنانے کے لئے انسانی وسائل کی جدید تقاضوں سے ہم آہنگی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کی عمر 30سال سے کم اور وہ ملک کیلئے ایک بہت بڑا اثاثہ ہیں،دنیا کے بعض ممالک کو نوجوانوں کی آبادی کی کمی کا سامنا ہے،اگر ہم یوتھ کو ضروری سکلز دے کر ایکسپورٹ کرتے ہیں تو سالانہ لاکھوں ڈالرز زر مبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
آمنہ منور اعوان نے کہاکہ پاکستان کی تمام ٹریڈ باڈیز کی اپیکس باڈی ایف پی سی سی آئی ملک کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہے۔ ذکی اعجاز نے کہا کہ تھنک ٹینک، یونیورسٹیوں اور دیگر تنظیموں کے ساتھ تعاون کی ضرورت ہے تاکہ ایسے موثر پروگرامز تیار کیے جائیں جو اگلی نسل کے کاروباری اور ہنر مند پیشہ ور افراد کی تربیت پر مرکوز ہوں۔