ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی مسائل سے ترقی پذیر ممالک کی شرح نمو پر پڑنے والے منفی اثرات سے نکلنے میں مدد کے لئے خصوصی کردارادا کریں، وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی جان کیری سے ملاقات میں گفتگو

329

پیرس ۔22جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی مسائل سے ترقی پذیر ممالک کی شرح نمو پر پڑنے والے منفی اثرات سے نکلنے میں مدد کے لئے خصوصی کردارادا کریں، ترقی پزیر ممالک کو وسائل کی فراہمی کے لئے عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاح ضروری ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ماحولیات کے لئے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی اور سابق وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کی۔دونوں قائدین کی ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق عالمی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی ۔

وزیراعظم شہباز شریف اور جان کیری نے ایک دوسرے کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ماحولیات کے مسئلے پر جان کیری اور امریکی حکومت کی ترجیحات کو سراہا ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی مسائل دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہیں جس کے لئے مشترکہ حکمت عملی اور کوششیں درکار ہیں، جا ن کیری کو ماحولیات کے لئے امریکی تاریخ میں پہلی بار امریکی صدر کا نمائندہ خصوصی مقرر کرنا اس مسئلہ کی اہمیت کا ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے ماحولیاتی مسائل خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کی ترقی اور شرح نمو کو بری طرح متاثر کررہے ہیں، شدید معاشی مشکلات میں 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے مسائل کو مزید مشکل بنادیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی مسائل سے ترقی پزیر ممالک کی شرح نمو پر پڑنے والے منفی اثرات سے نکلنے میں مدد کے لئے خصوصی کردارادا کریں، کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈکے قیام کے بعد وسائل کی فراہمی کے وعدوں کو عملی شکل دینا اہم ہے، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے پیرس سربراہی کانفرنس ترقی پزیر ممالک کے لئے امید کا پیغام ہے ، ترقی پزیر ممالک کو وسائل کی فراہمی کے لئے عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاح ضروری ہے۔ جان کیری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے سے ترقی پزیر ممالک کے لئے خطرات میں اضافے سے اتفاق کیا۔ دونوں رہنمائوں نے مشترکہ کوششوں کے لئے رابطے برقرار رکھنے اور مشاورت سے آگے بڑھنے پر بھی اتفاق کیا۔