ترلائی میں پاکستان بیت المال کے زیرانتظام شیلٹر ہوم کا افتتاح

105

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):سیکرٹری وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ یوسف خان اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے ترلائی میں موجود پاکستان بیت المال کے شیلٹر ہوم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر دونوں شخصیات نے وہاں پر دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

انھوں نے شیلٹر ہوم میں صفائی ستھرائی اور کھانے کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔ سیکرٹری وزارت تخفیف غربت و سوشل سیفٹی یوسف خان نے شیلٹر ہوم کے عملے کو مزدور و ضرورت مند طبقے کو وہاں قیام و طعام کیلئے دی جانے والی سہولیات کے بارے میں تعینات عملے سے استفسار کیا اور مستحقین کو شیلٹر ہوم کے ایس او پیز کے مطابق معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے ہدایات دیں۔

سیکرٹری یوسف خان اور منیجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پراچہ نے موقع پر موجود مستحقین سے بات چیت بھی کی اور انھیں دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی پوچھا اور ان کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات بھی جاری کیں۔اس موقع پر انھوں نے وہاں قائم پاکستان بیت المال کے ریجنل آفس آئی سی ٹی کا بھی دورہ کیا اور ڈائریکٹر آئی سی ٹی سے ریجن میں جاری پروگراموں کے حوالے سے بریفنگ لی۔

سیکرٹری یوسف خان نے پاکستان بیت المال کی طرف سے عوام الناس کو دی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور عامر فدا پراچہ اور ان کی تمام ٹیم کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر صورت ادارے میں شفافیت اور درخواست گزاروں کے لیے مزید آسان سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔