ترنول میں 4کروڑ پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے اوور ہیڈ برج کا کام مکمل ہوگیا ہے، افتتاح جلد کیا جائے گا، ملک امتیاز

94

اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور حلقہ این اے 54کے لئے کوارڈینیٹر ملک امتیاز نے کہا ہے کہ ترنول میں اوور ہیڈ برج کا کام مکمل ہوگیا ہے جس کا افتتاح جلد کیا جائے گا، منصوبہ پر4کروڑ پچاس لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ملک امتیاز نے پیر کو ”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسد عمرکی جانب سے الیکشن میں کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے، حلقہ میں پانی، سوئی گیس، بجلی اور گلیوں کی پختگی کے منصوبے پر جلد کام شروع ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ ڈھوک عباسی،محلہ بلال اور محلہ عثمانیہ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے دو ٹیوب ویلزکی منظوری دی گئی ہے جس کے لیے چار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ملک امتیاز نے کہا کہ ترنول کے عوام کے مطالبہ پر 4کروڑ پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے اوور ہیڈ برج کی تعمیر کا آغاز کیا گیا تھا جس کا افتتاح تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر کریں گے۔