اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن(پی آئی اے) کا طیارہ مزید5 ٹن امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا، زلزلے کے بعد سے پی آئی اے ابھی تک مجموعی طور پر 72 ٹن امدادی سامان اور 51 افراد پر مشتمل ریسکیو ٹیم کو لے جاچکی ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق پی آئی اے نے امدادی سامان پر مشتمل ترکیہ میں ادانا اور استنبول اور شام کے شہر دمشق کے لیے06 شیڈول اور02 خصوصی چارٹرڈ پروازیں بھجوائی ہیں۔
امدادی پروازیں بوئنگ777 طیاروں کے ذریعے لاہور اور اسلام آباد سے چلائی جا رہی ہیں۔ پی آئی اے حکومت پاکستان کی ہدایت پر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے نے پی آئی اے کے ذریعے کثیر تعداد میں خیمے اور کمبل متاثرہ ممالک تک پہنچائے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے نے ترکش ائیرلائن اور دیگرحکام کو تمام ممکنہ مدد اور آپریشنل معاونت بھی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے ترکیہ میں پاکستانی سفارت خانے کو مکمل معاونت فراہم کررہاہے جس میں آفت زدہ علاقوں سے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا بھی شامل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=351013