اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):ترکیہ تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک شاندار یوتھ سالیڈیریٹی افطار کا انعقاد کیا گیا جس میں ترکیہ، پاکستان اور فلسطین سے تعلق رکھنے والے 320 طلبہ اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد تینوں برادر ممالک کے درمیان دوستی، یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو، شمالی قبرص ترک جمہوریہ کی سفیر دلشاد شینول سمیت مختلف جامعات کے ریکٹرز، طلبہ اور شراکت دار اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن، نمل، نسٹ، قائداعظم یونیورسٹی، اسلام آباد پریس کلب، اور ترکیہ المنی ایسوسی ایشن کے اراکین بھی موجود تھے۔ ٹیکا اسلام آباد کی کوآرڈینیٹر صالحہ تونا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ، پاکستان اور فلسطین کے درمیان گہرے تعلقات پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں کے کردار کو سراہا جو ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ترکیہ-فلسطین فرینڈشپ ہسپتال کا بھی ذکر کیا جو غزہ میں کینسر کے مریضوں کے لئے واحد طبی سہولت فراہم کرنے والا مرکز تھا تاہم حالیہ اسرائیلی جارحیت کے باعث یہ ہسپتال تباہ ہو چکا ہے۔
پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے اپنے خطاب میں پاکستان اور فلسطین کو ترکیہ کے قریبی ترین دوست قرار دیا۔ انہوں نے غزہ کے طلبہ کو یقین دلایا کہ ترکیہ کا سفارتخانہ ان کے لئے دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 15 برسوں میں ٹیکا نے پاکستان میں تقریباً 700 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں اور پاکستان ٹیکا کے اہم ترین شراکت دار ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ مستقبل میں بھی پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے تعاون جاری رکھے گا۔غزہ سے تعلق رکھنے والی طالبہ فاطمہ النجار نے ٹیکا اور ترکیہ کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس باوقار تقریب میں شرکت ان کے لئے اعزاز ہے۔
انہوں نے شرکاء سے فلسطینی عوام کے لئے دعا کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ غزہ میں جاری نسل کشی کے باعث حالات دن بہ دن بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔یوتھ سالیڈیریٹی افطار کا انعقاد ترکیہ، پاکستان اور فلسطین کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کی ایک اور مثال تھا۔ تقریب کا اختتام طلبہ کے درمیان محبت اور بھائی چارے کے تبادلے اور امن، انصاف اور اتحاد کے لئے اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔