ترکیہ سے سامن مچھلی کی برآمدات میں رواں سال کے پہلے دو ماہ میں 24 فیصد اضافہ ریکارڈ

102
ترکیہ سے سامن مچھلی کی برآمدات میں رواں سال کے پہلے دو ماہ میں 24 فیصد اضافہ ریکارڈ

انقرہ ۔6مارچ (اے پی پی):ترکیہ سے سامن مچھلی کی برآمدات میں رواں سال کے پہلے 2 ماہ میں 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ترکیہ کے سرکاری خبررساں ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق جنوری سے فروری کے عرصے میں مشرقی بحیرہ اسود سے ترک سامن مچھلی کی برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں 24 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 19 ملین 45 ہزار 787 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

ایسٹرن بلیک سی ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ڈپٹی چیئرمین احمد حامدی گردوان نے بتایا کہ 3 ہزار 778 ٹن ترک سامن مچھلی خطے کے 11 ممالک کو برآمد کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان برآمدات سے 19 ملین 45 ہزار 787 ڈالر کی آمدنی حاصل ہوئی ہے اور برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں رقم میں 74 فیصد اور مالیت میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی فیڈریشن خطے کی برآمدات میں سب سے آگے ہے،ترک سامن مچھلی ہمارے خطے سے سال کے 2 مہینوں میں 11 ممالک کو برآمد کی گئی ۔ رشین فیڈریشن 11 ملین 41 ہزار 202 ڈالر کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، 5 ملین 201 ہزار 837 ڈالر کے ساتھ ویتنام کے بعد دوسرے نمبر پر ہے اور جاپان 2 ملین 51 ہزار 191 ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی بحیرہ اسود کے علاقے سے بیلاروس، کینیڈا، عوامی جمہوریہ چین، جارجیا، جرمنی، فلپائن، فرانس اور تھائی لینڈ کو مذکورہ مدت میں برآمدات کی گئی ہیں ۔