اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ڈاکٹروں، پیرا میڈکس اور ریسکیو اہلکاروں پر مبنی خصوصی ٹیمیں ترکیہ میں جاری ریسکیو اور مدد کے کاموں میں ہاتھ بٹانے کیلئے بھیجی جا رہی ہیں، بہت جلد ایک ہوائی جہاز بھی اشیاء ضروریہ اور ادویات لے کر ترکیہ روانہ کر دیا جائے گا۔
پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ان کی ابھی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، میں نے ترکیہ میں زلزلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا، میں نے انہیں کہا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ترک بہن بھائیوں کی ہر قسم کی مدد کیلئے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹروں، پیرا میڈکس اور ریسکیو اہلکاروں پر مبنی خصوصی ٹیمیں ترکیہ میں جاری ریسکیو اور مدد کے کاموں میں ہاتھ بٹانے کیلئے بھیجی جا رہی ہیں، بہت جلد ایک ہوائی جہاز بھی اشیاء ضروریہ اور ادویات لے کر ترکیہ روانہ کر دیا جائے گا۔