انقرہ ۔5دسمبر (اے پی پی):ترکیہ میں زہریلی شراب پینے سے کم از کم 17 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 22 کی جان بچانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ سرکاری خبر رساں ادارے انوطولو کے مطابق زہریلی شراب کی فروخت کے الزام میں 8 مشتبہ افراد کو ان ہلاکتوں کے بعد حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ترکیہ کے حکام نے 410 لٹر ایتھنول اور میتھانول کے ساتھ ساتھ ممنوعہ الکحل کی 165 بوتلیں اور شراب بنانے والے آلات بھی ضبط کیے تھے ۔ ایک سال قبل زہریلی شراب پینے سے کم و بیش 40 افراد ہلاک ہوئے۔ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اکثر شراب اور تمباکو کے استعمال پر تنقید کرتے رہے ہیں اور انہیں انسانی صحت کے لیے خطر ناک بتاتے ہیں۔