انقرہ۔14نومبر (اے پی پی):ترکیہ کے فٹبال حکام نے غیر قانونی سٹے بازی کی سرگرمیوں کی تحقیقات کے دوران 102 کھلاڑیوں پر عارضی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ شنہوا کے مطابق ترکش فٹبال فیڈریشن (TFF) کے پروفیشنل فٹبال ڈسپلنری بورڈ نے بیان میں بتایا کہ معطل کیے گئے کھلاڑیوں میں سپر لیگ کے 25 اور فرسٹ لیگ کے 77 فٹبالر شامل ہیں، جن پر 45 دن سے 12 ماہ تک کی …
ترکیہ میں غیر قانونی سٹے بازی سکینڈل،102 فٹبالرز پر عارضی پابندیاں عائد

مزید خبریں
انقرہ۔14نومبر (اے پی پی):ترکیہ کے فٹبال حکام نے غیر قانونی سٹے بازی کی سرگرمیوں کی تحقیقات کے دوران 102 کھلاڑیوں پر عارضی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ شنہوا کے مطابق ترکش فٹبال فیڈریشن (TFF) کے پروفیشنل فٹبال ڈسپلنری بورڈ نے بیان میں بتایا کہ معطل کیے گئے کھلاڑیوں میں سپر لیگ کے 25 اور فرسٹ لیگ کے 77 فٹبالر شامل ہیں، جن پر 45 دن سے 12 ماہ تک کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 1,024 کھلاڑیوں کے خلاف الزامات کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 102 کو سزا دی گئی۔ گالاطاسارے اور ترک قومی ٹیم کے ڈیفنڈر ایرن المالی کا معاملہ نمایاں ہے، جنہیں 45 دن کی پابندی کے ساتھ قومی سکواڈ سے بھی نکال دیا گیا۔ انہوں نے رواں ہفتے انسٹاگرام پر اعتراف کیا تھا کہ پانچ سال قبل انہوں نے ایک میچ پر شرط لگائی تھی، البتہ ان کی اپنی ٹیم اس میں شامل نہیں تھی۔
گالاطاسرائے کے ہی ایک اور کھلاڑی متہان بلتاجی کو 9 ماہ کی معطلی کا سامنا ہے، جبکہ کونیاسپور کے الاسان نداؤ پر12 ماہ کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ترکش فٹبال فیڈریشن نے واضح کیا کہ ڈسپلنری کارروائی کا سامنا کرنے والے کھلاڑی تحقیقات مکمل ہونے تک کسی میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر سیکنڈ اور تھرڈ لیگ کے میچ دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں، تاہم سپر لیگ اور فرسٹ لیگ کا شیڈول برقرار رہے گا۔فیڈریشن نے کہا کہ پابندیوں سے متاثرہ ٹیموں کو سکواڈ مضبوط کرنے میں مدد دینے کے لیے فیفا سے 15 روزہ خصوصی ٹرانسفر ونڈو کی منظوری کے لیے ہنگامی بات چیت جاری ہے۔








