22.4 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومقومی خبریںترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید کا اقوام متحدہ کی...

ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کے حل تک کشمیری عوام کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ

- Advertisement -

انقرہ۔19اکتوبر (اے پی پی):ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کے حل تک کشمیری عوام کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ کشمیر دنیا کے قدیم ترین حل طلب تنازعات میں سے ایک ہے۔وہ ہفتہ کو انقرہ میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹیجک تھنکنگ (ایس ڈی ای) میں 27 اکتوبر کو”یوم سیاہ” کشمیرکے سلسلے میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہوئے گفتگو کر رہے تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلی بار کشمیریوں کی مرضی کے خلاف اپنی فوجیں زبردستی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اتاریں۔

سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے علاقائی اور عالمی امن کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔ سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ فلسطین اور کشمیر جدید دنیا میں غیر ملکی قبضے کے لامتناہی حالات کی نمائندگی کرتے ہیں جہاں وحشیانہ فوجی قبضوں نے نہ صرف لوگوں کو ان کے بنیادی حق خودارادیت سے محروم کیا ہے بلکہ بے گناہ شہریوں پر دہشت گردی کا راج بھی چھایا ہے۔ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ کشمیر دنیا کے قدیم ترین حل طلب تنازعات میں سے ایک ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی موجودگی کے باوجود کشمیر میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام استصواب رائے کا مطالبہ کیا گیا جس پر پاکستان اور بھارت دونوں کی طرف سے اتفاق کیا گیا تھا۔

- Advertisement -

کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کے حل تک کشمیری عوام کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔ سفیر جنید نے ترک عوام اور حکومت کا کشمیر پر اصولی موقف بالخصوص صدر رجب طیب اردوان کا کشمیر کاز کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ایس ڈی ای کے نائب صدر الپر تان نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی نظام کسی بھی تنازع کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن بدقسمتی سے جب کشمیر اور فلسطین کی بات آتی ہے تو اس میں ارادے کا فقدان ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک کو جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کے مظالم کے خاتمے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔سوال و جواب کے سیشن کے دوران (ر) نعمان ہزار نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور فلسطین سے عالمی برادری کی بے حسی پریشان کن ہے،کشمیری دنیا کی کسی بھی قوم کی طرح بنیادی انسانی حق خودارادیت کے مستحق ہیں۔ شرکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں