ترکیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بروقت مدد اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وزیراعظم محمد شہبازشریف

193

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ ترکیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بروقت مدد اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کامظہر ہے، سیلاب اور بارشوں سے جتنی تباہی ہوئی اتنی اپنی زندگی میں نہیں دیکھی، دوست ممالک کی مدد سے اس کامقابلہ کریں گے۔ جمعہ کو وزیراعظم نے سیلاب زدگان سے اظہاریکجہتی کے لئے آئے ہوئے ترکیہ کے وفدسےگفتگو کرتے ہوئے بروقت امداد پر ترکیہ کاشکریہ اداکیا۔ اس موقع پر ترکیہ کے وفد نے آفت زدہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو کی قیادت میں ترکیہ کے وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ ترکیہ کی حکومت اور عوام کی تعزیت اور یکجہتی کے جذبات کا اظہار کیا گیا۔سلیمان سوئیلو نے ملک کے تمام حصوں بالخصوص بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب میں تباہ کن طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام کے ریسکیو اور ریلیف اور تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی بھرپور امدادی کارروائیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے خاص طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت فی متاثرہ خاندان 25000 روپے کی ہنگامی رقم کی فراہمی پر حکومت کو سراہا۔

انہوں نے اس نقد رقم کی منتقلی کے پروگرام کو مستقل بنیادوں پر چلانے کے لیے بھرپور مدد فراہم کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ سیلاب متاثرین کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جا سکے اور سیلاب کے بعد سماجی سطح پر متوقع نقصان سے بچا جا سکے۔ سلیمان سوئیلو نے ترک حکومت اور عوام کی جانب سے حکومت پاکستان کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں مالی تعاون کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے تباہ کن قدرتی آفت کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے لیے ہمدردی کے جذبات اور حمایت پر ترک قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ ہمارے تعلقات کو مفرد اہمیت حاصل ہے ،وہ ہمارا دوست اور برادر ملک ہے۔ 27 اگست کو ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مجھے فون کرکے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر تعزیت وہمدرتی کااظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کایقین دلایا ۔

ہم ترکیہ کے عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی۔ ترکیہ کے کاروباری طبقہ اور دیگر اداروں کی جانب سے بھی امدادی سامان موصول ہوا ہے۔ بروقت امداد پر ترکیہ کا شکریہ ادا کرتےہیں۔ ترک صدر سے ٹیلیفون کال کے فوری بعد امداد سامان لے کر ترکیہ سے جہاں پاکستان پہنچنا شروع ہوئے۔ 2ٹرینیں بھی سامان لے کرآ رہی ہیں۔انہوں نے ہمیں خیمے ، ادویات، خوراک سمیت دیگر سامان دیا جو ہم متاثرین میں تقسیم کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ چاروںصوبوں ،گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے بعض علاقے متاثر ہوئے ۔ یہ بارشیں 40 سال میں سب سے زیادہ تھیں۔ انہوں نے وفد کاپاکستان آنے پر شکریہ اداکرتےہوئے کہا کہ یہ ایک شاندار پیغام ہے۔ پاکستان کے عوام خیر سگالی کے اس جذبے کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ سیلاب اور بارشوں سے 300 بچوںسمیت ایک ہزار افراد جاں بحق ہوئے۔ لاکھوں لوگ بےگھر اور کھلے آسمان تلے راتیں گزارنے پر مجبور ہیں۔ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کونقصان پہنچا۔ لائیو سٹاک کو شدیدنقصان پہنچا۔ میں نے اپنی زندگی میں ایسی تباہی نہیں دیکھی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ سمیت دوست ممالک کی مدد سے ہم سیلاب متاثرین کی بحالی میں کامیاب ہوں گے۔