کراچی۔ 27 جولائی (اے پی پی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو صوبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد، تعاون اور معاونت فراہم کریں گے ۔
گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایئر پورٹ پر ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور ان کے وفد کا استقبال کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے ترکیہ کے وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا ۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ صوبہ میں کئی شعبے ایسے ہیں جہاں سرمایہ کاری کے فوری نتائج یقینی ہیں جبکہ یہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ،تجربہ کار اور محنتی نوجوان افرادی قوت سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پرکشش اہمیت کی حامل ہے۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ صوبہ میں سرمایہ کاری کے لئے ترکیہ کے سرمایہ کار دلچسپی رکھتے ہیں۔