ترکیہ کے صدر اورعوام کے جذبہ انسانی اور پاکستان سے محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی ترک ہم منصب سے گفتگو

94

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ترکیہ کے صدر اورعوام کے جذبہ انسانی اور پاکستان سے محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان میں ریکارڈ بارشوں سے ملک میں سیلاب کی صورتحال بہت تشویش ناک ہے، بڑے پیمانے پر سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ سے انسانی جانوں، املاک اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے، حکومت کی اولین ترجیح انسانی زندگیوں کو بچانا ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے، بین الاقومی برادری کی طرف سے سیلاب زدگان کیلئے آنے والی ہنگامی امداد پر انکے بے حد مشکور ہیں۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترک ہم منصب سلیمان سوئیلو سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے اتوار کو وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو ٹیلیفون کیا اور پاکستان میں سیلاب کے باعث انسانی اور مالی نقصان پر دکھ اورافسوس کااظہار کیا۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے وزیراعظم پاکستان کی طرف سے سیلاب زدگان کی ہنگامی مدد کرنے پرترکیہ کے صدراورعوام کاشکریہ ادا کیا۔ ترکیہ وزیر داخلہ نے پاکستان میں سیلاب کی صورتحال اور ترکیہ کی طرف سے ہنگامی انسانی امداد پرتبادلہ خیال کیا اور کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث انسانی اور مالی نقصان پر دکھ اورافسوس ہے اور ترکیہ حکومت اور عوام کی طرف سے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے تمام شعبوں میں امداد کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے سیلاب کی صورتحال پر ترک وزیر داخلہ کی ہمدردی اور تشویش پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ترک وزیر داخلہ نے آگاہ کیا کہ ترکیہ کی طرف سے امداد ی سامان خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان روانہ کردیا گیاہے جس میں خیمے، ادویات اور کھانے پینے کی اشیا و دیگر امدادی سامان شامل ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو بتایا کہ سیلاب زدگان کیلئے 10,000 خیمے، 3,000 فوڈ بکس اور 1,000بچوں کی خوراک کے ڈبے ارسال کئے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترکیہ نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کی ہمیشہ دل کھول کر مد د کی ہے، فراخدلانہ مدد پر ترکیہ کے بے حد مشکور ہیں۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ترکیہ کے صدر اورعوام کے جذبہ انسانی اور پاکستان سے محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان میں ریکارڈ بارشوں سے ملک میں سیلاب کی صورتحال بہت تشویش ناک ہے، بڑے پیمانے پر سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ سے انسانی جانوں، املاک اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

وزیر داخلہ راناثنااللہ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح انسانی زندگیوں کو بچانا ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مکمل بحالی اور انکے نقصان کے ازالے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بین الاقومی برادری کی طرف سے سیلاب زدگان کیلئے آنے والی ہنگامی امداد پر انکے بے حد مشکور ہیں۔