ترکیہ کے ماہر کارڈیک سرجنز کی جانب سے 70 کامیاب پیڈیاٹرک سرجریز کی تکمیل پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں تقریب کا انعقاد

26

پشاور۔ 04 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صحت احتشام علی نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں بچوں کی 70 کامیاب کارڈیک سرجریز کی تکمیل پر منعقدہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ سرجریز ترکیہ سے آئے ہوئے 10 مایہ ناز کارڈیک سرجنز پر مشتمل وفد نے انجام دیں جو’’ لٹل ہارٹ مشن‘‘کے تحت خیبر پختونخوا میں انسانی خدمت کی غرض سے آئے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت احتشام علی نے ترکیہ سے آئے ماہرین کو صوبائی حکومت کی جانب سے خوش آمدید کہا اور ان کی بے مثال خدمات کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ آج میرا سر فخر سے بلند ہے کہ ہم نے ستر ننھے بچوں کی جان بچائی، یہ صرف ایک کامیاب مشن نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا عظیم مظاہرہ ہے۔احتشام علی نے کہا کہ ایل آر ایچ پیڈیاٹرک یونٹ نے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے

اور اس مشن سے نہ صرف بچوں کو نئی زندگی ملی بلکہ ہمارے مقامی عملے کی پیشہ ورانہ استعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے ڈاکٹرز نے جن پیچیدہ جراحی قلب کے عمل کو سر انجام دیا، وہ ہمارے اپنے کارڈیک سرجنز کے لیے ایک تربیتی موقع بھی تھا۔اب ہمارے اپنے ڈاکٹرز بھی ایسی پیچیدہ سرجریز سرانجام دینے کے قابل ہوں گے جو ہمارے نظامِ صحت کے لیے خوش آئند ہے۔اُنہوں نے لٹل ہارٹ مشن کے بانی ادارے مونٹاڈا ایڈ، خصوصاً اس کے سی ای او شیخ نائف اور ان کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشن کو ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مونٹاڈا اب تک چودہ ممالک میں 50 مشنز کے دوران 3000 سے زائد سرجریز انجام دے چکی ہے، جس سے ہزاروں بچوں کی جانیں بچائی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان بچوں کا تعلق ملک کے مختلف حصوں سے تھا، جن میں اکثریت پشاور سے تھی۔ مشیر صحت نے ایل آر ایچ انتظامیہ اور مشن سے وابستہ تمام افراد کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ آخر میں انہوں نے اعلان کیا کہ ایل آر ایچ پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے صوبے کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ صحت کی معیاری سہولیات ہر ضلع میں فراہم کی جا سکیں۔