34.9 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 17, 2025
ہومتجارتی خبریںترکی مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا...

ترکی مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے ۔ترک سفیر

- Advertisement -

لاہور۔17مئی (اے پی پی):ترکی کے سفیر عرفان نذیروغلو نے کہا ہے کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ ترکی دفاع، سیاحت، کاروبار، زراعت اور اعلی تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

وہ ہفتہ کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے بھی اظہار خیال کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین میاں عامر سعید، احسن شاہد، فردوس نثار، کرامت علی اعوان، سید سلمان علی، عرفان احمد قریشی، احد امین ملک، آصف خان، محمد عمران سلیمی اور وقاص اسلم بھی اجلاس میں موجود تھے۔ترک سفیر نے کہا کہ ہم ایک قوم ہیں اور ہمیں مشترکہ مفاد کے تحت متحد ہو کر کام کرنا چاہیے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد نے مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر ترکی کے عوام کا دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر ممکن طریقے سے پاکستان کا ساتھ دیا۔ نہ صرف ترک جنگی جہاز پاکستان نیوی کی مدد کے لیے بھیجا گیا بلکہ ڈرونز بھی فراہم کیے گئے تاکہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا مو ثر جواب دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ترکی اس تاریخی کامیابی میں پاکستان کا برابر کا شریک رہا۔

میاں ابوزر شاد نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان ثقافتی، مذہبی اور جغرافیائی و سیاسی روابط کی بنیاد پر مضبوط سفارتی تعلقات قائم ہیں اور یہ خوش آئند بات ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سیاسی، دفاعی اور ثقافتی میدانوں میں تعاون میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2022 میں دستخط ہونے والا ترجیحی تجارتی معاہدہ دو طرفہ تجارت کو وسعت دینے کی راہ ہموار کر چکا ہے۔ ہم ترکی کی جانب سے دی گئی 261 ٹیرف لائنز کی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر، جو پاکستان کی سب سے بڑی بزنس سپورٹ تنظیم ہے، اپنے اراکین کو ترکی کی مارکیٹ میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے متحرک کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کی ترکی کو برآمدات میں ٹیکسٹائل کا حصہ نمایاں ہے، لیکن ہماری درآمدات میں مشینری، لوہا و فولاد، کیمیکلز اور پلاسٹک کی اشیاشامل ہیں۔

لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے تجارتی وفود کے تبادلے اور سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کو نئی راہیں کھولنے کے لیے مو ثر قرار دیا اور کہا کہ لاہور چیمبر، ترکی کے بڑے چیمبرز کے ساتھ قریبی روابط قائم کرنے کا خواہاں ہے، جس کے لیے وہ ترک سفیر کی رہنمائی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598177

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں