انقرہ۔3نومبر (اے پی پی):ترکی کے شہر ازمیر میں زلزلے سے اموات کی تعداد بڑھ کر 100 ہو گئی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک حکام نے بتایا کہ مغربی ترکی کے شہر ازمیر میں جمعہ کو آنے والے 7 درجے شدت کے شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جس کا مرکز کا مرکز جزیرہ ساموس کے شمال مشرق میں بحیرہ ایجین میں تھا جس کے باعث اب تک اموات کی تعداد بڑھ کر 100 ہو گئی ہے جبکہ 994 افراد زخمی ہیں ۔زلزلے سے درجنوں عمارات کو نقصان پہنچا ۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے کے بعد 1,464 آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جس کے باعث رہائشی بدستورخیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ زلزلے کے باعث صوبہ ازمیر میں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے منہدم ہونے والی 5 عمارات میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں ترکی کے صوبہ ایلازگاورمالاتیا میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے 40 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔