ترکی میں زلزلے کے چوتھے روز منہدم عمارت کے ملبے سے 4 سالہ بچی زندہ بر آمد

136

انقرہ۔۔4نومبر (اے پی پی):ترکی میں امدادی کارکنوں نے زلزلے سے تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے 4 روز بعد 4 سالہ بچی زندہ حالت میں نکال لی ہے۔ ننھی عائدہ کی 4 دن بعد زندہ برآمدگی کو ترک صدر نے معجزہ قرار دیتے ہوئے بچی کے لئے نیک خواہشات اور تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔ ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر رجب طیب اردگان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عائدہ کی تصویر اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ بچی ریسکیو اہلکاروں نے شہر ازمیر میں شدید زلزلے سے منہدم عمارت کے ملبے سے91 گھنٹے بعد زندہ سلامت نکالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معجزے کا نام عائدہ ہے اور اس نے ہمیں ایک نئی خوشی عطا کی ۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے میں جہاں عائدہ زندہ سلامت موجود تھی رضا کاروں نے اس کی آواز کا سراغ لگا کر اس جگہ کو ڈرل کیا ۔ اس طرح بڑے پتھر اور ملبہ ہٹا کر اس میں پھنسی ہوئی عائدہ کو باہر نکال لیا گیا ۔ ڈاکٹروں کے مطابق عائدہ کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی متاثر ہوئی ہے مگر اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ واضح رہے کہ ترک شہر ازمیر میں قیامت خیز زلزلے سےاب تک 100 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔