استنبول ۔ 6 اگست (اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردوگان نے استنبول کے نواح میں ایک نئے چرچ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ ترک نشریاتی ادارے ِ کے مطابق 1923ء میں ترکی کے جدید ریاست بننے کے بعد وہاں پہلی مرتبہ ایک نیا چرچ تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ استنبول کے نواح میں واقع یشئلکے میں تعمیر کیے جانے والے آرتھوڈکس سینٹ افرام چرچ نامی مسیحی عبادت گاہ کی تعمیر کا کام دو برسوں میں مکمل ہو جائے گا۔ اس چرچ سے شامی مسیحی کمیونٹی کے 70 ہزار افراد استفادہ کر سکیں گے۔ شامی مسیحیوں کی بڑی تعداد مشرقی مسیحی روایات کی ماننے والی ہے اور آرامی زبان میں عبادت کرتی ہے اس چرچ کی سنگ بنیاد رکھنے کی خصوصی تقریب سے خطاب میں ترک صدر اردگان نے کہا کہ مسیحی لوگ اس علاقے کے قدیمی باسی ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ حکومت ملک کی تمام اقلیتوں کے ساتھ برابری کا سلوک کرے ، جمہوریہ ترکی کا فرض ہے کہ شامی کمیونٹی کی مذہبی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے انہیں ایک عبادت گاہ فراہم کرے۔