ترکی میں پاکستانی سفارتخانہ میں پریس اتاشی عبدل اکبر کی رہائش گاہ پر منی مینگو فیسٹول کا انقعاد

54

انقرہ ۔10جولائی (اے پی پی):ترکی میں پاکستانی سفارتخانہ میں پریس اتاشی عبدل اکبر کی رہائش گاہ پر منی مینگو فیسٹول منعقد ہوا جس میں متعدد صحافیوں اور پاکستانی سفارت خانہ کے حکام نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ ترکی میں ہر سال پاکستانی سفارت خانہ کے زیر اہتمام اگست یا ستمبر میں بڑے پیمانے پر مینگو فیسٹول کیا جاتا ہے لیکن گزشتہ سال کویڈ-19 کی وجہ سےاسے منعقد نہ کیا جاسکا تاہم اس سال پاکستانی سفارتخانہ میں پریس اتاشی کی حیثیت سے فرائض ادا کرنے والی ہر دلعزیز شخصیت عبدل اکبر نے اپنی رہائش گاہ پر منی مینگو فیسٹول کا اہتمام کیا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق اپنی رہائش گاہ پر پریس اتاشی عبدل اکبر اور ان کی اہلیہ نے تمام مہمانوں کا فردا ًفردا پرجوش استقبال کیا ۔

مہمانوں کی آمد پر سب سے پہلے ان کی تواضع مینگو ملک شیک اور مینگو لسی سے کی گئی۔بعد میں مہانوں کو مینگوز اور مینگوز سے بنی ہوئی سویٹ ڈشیز پیش کی گئیں۔علاوہ ازیں عبدل اکبر نے مہمانوں کے لیے بریانی اور دیگر پاکستانی کھانوں پر مشتمل عشایہ کا بھی اہتمام کررکھا تھا ۔ اس عشائیہ میں مینگوز سے تیار کردہ سلاد اور مینگوز کی دیگر اقسام کو بھی بڑے خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ۔ترک صحافی پاکستانی مینگوز کی لذت اور پاکستانی کھانوں سے خوب لطف انداز ہوئے اور جلد ہی بڑے پیمانے پر انقرہ میں مینگو فیسٹول کی رونقیں بحال ہونے کی تمنا ظاہر کی۔

مینگو فیسٹول ترکی اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کو یکجا کرنے کے لحاظ سے بڑی اہمیت کا حامل ہے اور ترک سارا سال اس مینگو فیسٹول کے منتظر رہتے ہیں کیونکہ اس مینگو فیسٹول میں ان کو مینگوز کی مختلف اقسام سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر آتا ہے ، جسے پاکستان مینگو ڈپلومیسی کا نام بھی دیا جاتا ہے کیونکہ پاکستان ہی سے بڑی تعداد میں ترک اعلیٰ حکام اور ممتاز شخصیات کو حکومت پاکستان کی جانب سے مینگوز تحفے کے طور پر بھی پیش کیے جاتے ہیں جس سے وہ پاکستان اور پاکستانی مینگوز کی مٹھاس اپنے دلوں میں محسوس کرتے ہیں۔