ترکی کے امن ، سلامتی اور اندرونی ہم آہنگی کو خراب کرنے والے عناصر کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے،ترکی کے عوام ملکر دہشتگردی کی لعنت کو شکست پاش دینگے، ترجمان دفتر خارجہ

128

اسلام آباد ۔ 21اگست (اے پی پی) پاکستان نے ترکی کے صوبہ غازی عنتاب میں دہشتگردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہو ئے ترکی کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے اتوار کو یہاں جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو ترکی کے صوبہ غازی عنتاب میں ایک شادی تقریب پر دہشتگردی کے حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرا دُکھ اور صدمہ پہنچا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ اس واقعہ کی بربریت اس بات سے عیاں ہے کہ اس میں خوشی کی ایک تقریب کو غم تبدیل کیا گیا۔ پاکستان اس بھیانک اور ناخوشگوار دہشتگردی واقع کی پرزور مذمت کرتا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی تمام صورتوں اور مظاہر کی مذمت کا اعادہ کرتا ہے ۔ ترجمان نے دہشتگردی کے اس واقعہ میں جاںبحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ اور زخمی ہونے والے برادر ترک عوام اور ترکی کی حکومت کے ساتھ ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہماری دعائیں ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے قریبی عزیزوں کو کھویا ہے ۔