لندن۔ 6 دسمبر (اے پی پی) انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ترک حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ہزاروں گھر بدر شہریوں کی کردوں کے بڑے شہر دیار باقر میں واپسی کو ممکن بنائے۔ جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ترک امور کے ماہر اینڈریو گارڈنر نے کہا ہے کہ سرِدست اِن چوبیس ہزار متاثرین کی وسطی ضلعے سور میں واپسی کے کوئی ٹھوس اور قابلِ اعتبار منصوبے موجود نہیں ہیں۔ ایمنسٹی نے متاثرین کو زرِ تلافی کی ادائیگی اور بعض علاقوں میں جاری کرفیو بھی ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق ترک سکیورٹی فورسز اور کالعدم کردستان ورکرز پارٹی پی کے کے کے باغیوں کے درمیان جھڑپوں کے باعث ایک سال کے اندر اندر نصف ملین شہریوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32349